بنگلورو،15؍مئی(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ریاست میں خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے بی جے پی لیڈروں کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہاکہ ریاستی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں راحت کاری کیلئے اپنے طور پر وافر فنڈز مہیا کرائے ہیں۔ بی جے پی قائدین کو اگر ریاستی عوام کی اتنی ہی فکر ہے تو مرکزی حکومت کے ذریعہ خشک سالی کے متاثرین کی امداد کیلئے مناسب فنڈز جاری کروائیں۔ سدرامیا نے کہاکہ ریاستی حکومت خشک سالی کی صورتحال سے قطعاً غافل نہیں ہے، بلکہ عہدیداروں سے مسلسل تبادلۂ خیال کے ذریعہ گرانٹس جاری کررہی ہے۔ انہیں سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ بی جے پی لیڈران خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیوں کررہے ہیں۔ کانگریس کی داخلی سرگرمیوں کے متعلق بی جے پی لیڈروں کی بیان بازی پر تبصرہ کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ بی جے پی لیڈران پہلے اپنے گھر کو سدھار لیں اور بعد میں کانگریس پر نکتہ چینی کریں ۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ایم جی روڈ پر کرناٹکا ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا اور کہاکہ ریاستی حکومت دستکاری اور دیگر فنون کو بڑھاوا دینے کی پابند ہے۔فنکاروں کیلئے بازار مہیا کرانے اور ان کی تیار کردہ اشیاء کی فروخت کیلئے ترغیب دینے کیلئے بھی حکومت ضروری قدم اٹھائے گی۔ چھ کروڑ روپیوں کی لاگت پر تعمیر عمارت کے ذریعہ جو بھی آمدنی ہوگی اس کو فنکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے صرف کیاجائے گا۔ اس موقع پر وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج ، میئر پدماوتی، مقامی رکن اسمبلی این اے حارث اور دیگر موجود تھے۔